گوجرہ ، یومِ دفاع پاکستان کی پروقار تقریب، شہداء اور غازیوں کو خراجِ عقیدت

 

Gojra, Pakistan Defence Day solemn ceremony, tribute to martyrs and ghazis

گوجرہ : 6 ستمبر یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر میونسپل کمیٹی گوجرہ میں شہدائے وطن اور غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں قومی جذبے، حب الوطنی اور افواجِ پاکستان سے اظہارِ یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔


تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت حافظ بلاول اکرام ہیرا نے حاصل کی، جبکہ نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اظہر اقبال کلرک نے پیش کی۔


تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق رکن صوبائی اسمبلی حاجی عبدالقدیر اعوان نے کہا کہ 6 ستمبر ہمیں 1965ء کے ان بہادر سپوتوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے بے مثال جرات، بہادری اور قربانی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ دفاع صرف ایک تاریخی دن نہیں بلکہ قومی یکجہتی، عزم، قربانی اور وطن سے بے لوث محبت کی علامت ہے۔


انہوں نے کہا کہ پاک افواج اور قوم کی قربانیاں ملکی تاریخ کا روشن باب ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو ہمیشہ عقیدت و احترام سے یاد رکھے گی۔


تقریب میں میونسپل کمیٹی کے افسران و ملازمین، ریونیو اور دیگر متعلقہ محکموں کے سٹاف سمیت اہلِ علاقہ کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔


اس موقع پر پرچم کشائی کی تقریب بھی منعقد ہوئی، جس میں سابق ایم پی اے حاجی عبدالقدیر اعوان، ڈی ایس پی علم دین اور تحصیلدار حافظ شکیل نے شرکت کی۔ قومی پرچم کو سلامی پیش کی گئی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔


بعدازاں پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی اور شہدائے وطن کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔ ریلی کے شرکاء نے ہاتھوں میں قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور افواجِ پاکستان کے حق میں پرجوش نعرے بلند کیے۔ ریلی مقررہ روٹ سے ہوتی ہوئی میونسپل کمیٹی آفس پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔


تقریب کے اختتام پر شیخ جاوید ایڈووکیٹ نے شہدائے 6 ستمبر 1965ء کے لیے خصوصی دعا کروائی اور ملک و قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے بھی دعا کی گئی۔

اشتہار