گوجرہ: کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے مبینہ پولیس مقابلے میں ریکارڈ یافتہ ملزم شہریار ولد اللہ یار ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف گوجرہ اور کمالیہ میں طلبہ و طالبات کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات سمیت مختلف مقدمات درج تھے۔
پولیس کے مطابق گوجرہ کے علاقے کھدروالہ روڈ، بائی پاس کے قریب سی سی ڈی اہلکاروں نے مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم ملزمان نے مبینہ طور پر پولیس پارٹی پر فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں ایک کانسٹیبل زخمی ہوا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان فرار ہونے کی کوشش میں تھے کہ تعاقب کے دوران فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔ بعد ازاں سرچ آپریشن کے دوران شہریار زخمی حالت میں ملا، جسے طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا، جبکہ اس کے دیگر ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزم مختلف مقدمات میں مطلوب اور ریکارڈ یافتہ تھا۔ اس کے خلاف کمسن بچیوں اور طلبہ و طالبات کے ساتھ مبینہ نازیبا حرکات کے مقدمات بھی درج تھے۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کرتے ہوئے فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کو قانون کے مطابق کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔
