گوجرہ، پولیس مقابلے میں ملزم اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی، دو فرار

 

Gojra, accused injured in police encounter by his own accomplices, two escape

ٹوبہ ٹیک سنگھ: تھانہ صدر گوجرہ پولیس نے چک نمبر 360 ج ب کے بھٹہ چوک پر گشت اور ناکہ بندی کے دوران مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔


پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایچ او تھانہ صدر گوجرہ پولیس نفری کے ہمراہ چک نمبر 360 ج ب، بھٹہ چوک پر گشت اور ناکہ بندی میں مصروف تھے کہ موٹر سائیکل پر سوار تین مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا۔


پولیس کے مطابق مشکوک افراد نے پولیس پارٹی کو دیکھتے ہی مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر پولیس اہلکاروں نے بھی حقِ حفاظتِ خود اختیاری کے تحت جوابی فائرنگ کی۔


پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے قریبی فصلوں کی جانب فرار ہونے کی کوشش کرتے رہے۔ فائرنگ رکنے کے بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن کیا تو ایک شخص زخمی حالت میں ملا، جس کی شناخت بعد ازاں عمران عرف مانا، سکنہ 423 ج ب گوجرہ کے نام سے ہوئی۔


پولیس کے مطابق عمران عرف مانا کو اس کے اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے گولی لگی، جبکہ اس کے دو ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے موقع سے فرار ہو گئے۔ زخمی ملزم کو پولیس کی حراست میں سرکاری گاڑی کے ذریعے علاج کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا گیا۔


پولیس ترجمان کے مطابق زخمی ملزم عمران عرف مانا کا سابقہ ریکارڈ چیک کرنے پر اس کے خلاف چوری، ڈکیتی، راہزنی اور ناجائز اسلحہ سمیت 50 سے زائد مقدمات میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔


واقعے کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی گوجرہ، ایس ایچ او صدر گوجرہ اور دیگر پولیس اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور مزید قانونی کارروائی میں مصروف ہیں۔


ترجمان ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس

رابطہ: -03009652371

Gojra, accused injured in police encounter by his own accomplices, two escape




اشتہار