گوجرہ ، جھنگ کینال پل کی بحالی کا افتتاح، نمایاں طلبہ میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم

 

Gojra, Jhang Canal Bridge renovation inaugurated, shields and certificates distributed among outstanding students

گوجرہ : ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے موچی والا روڈ، گوجرہ پر جھنگ کینال پل کی بہتری و بحالی کے مکمل شدہ منصوبے کا افتتاح کر دیا۔


ڈپٹی کمشنر نے منصوبے کا تفصیلی معائنہ کیا اور پل کی تعمیر و بحالی کے کام کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پل کی سڑک کی تکمیل سے موچی والا روڈ سے گزرنے والے ہزاروں شہریوں کو آمدورفت میں نمایاں سہولت میسر آئے گی۔


ماہم آصف ملک نے کہا کہ بہتر اور معیاری سڑکیں شہریوں کو محفوظ، آسان اور بہتر سفری سہولیات فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل ہونے والے ترقیاتی منصوبوں کو عوامی مفاد میں مؤثر انداز میں فعال بنایا جا رہا ہے۔


دریں اثنا، میونسپل کمیٹی گوجرہ میں نویں جماعت کے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ، اساتذہ اور والدین کے اعزاز میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔


ڈپٹی کمشنر نے نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں شیلڈز اور سرٹیفیکیٹس تقسیم کیے۔ انہوں نے طلبہ کی تعلیمی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔


اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے کہا کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے اور محنت، لگن اور تعلیمی میدان میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ کی حوصلہ افزائی کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔


انہوں نے کہا کہ طلبہ ملک کا روشن مستقبل ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔

اشتہار