گوجرہ: تحصیل گوجرہ کے لیے فخر اور خوشی کا مقام ہے کہ ہونہار طالبہ مومنہ فاطمہ نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن (BISE) فیصل آباد کے امتحانی نتائج میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے بورڈ بھر میں دوسری پوزیشن حاصل کر لی۔
مومنہ فاطمہ کی اس غیر معمولی کامیابی نے نہ صرف ان کے والدین اور اساتذہ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے بلکہ پوری تحصیل گوجرہ اور ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کا نام بھی روشن کر دیا ہے۔
مومنہ فاطمہ نے اپنی انتھک محنت، مستقل مزاجی، لگن اور عزمِ مصمم کے ذریعے یہ نمایاں مقام حاصل کیا۔ ان کی کامیابی نوجوان نسل، خصوصاً طالبات کے لیے ایک بہترین مثال اور حوصلہ افزائی کا ذریعہ ہے۔
اہلیانِ تحصیل گوجرہ نے مومنہ فاطمہ کو اس شاندار کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باصلاحیت اور محنتی نوجوان نسل ہی ملک و قوم کا روشن مستقبل ہے۔
اس موقع پر تحصیل گوجرہ کے ان تمام طلبہ و طالبات کو بھی مبارکباد پیش کی گئی جنہوں نے فیصل آباد بورڈ کے حالیہ امتحانی نتائج میں نمایاں کامیابی حاصل کی۔ ان طلبہ کی کامیابی یقیناً ان کے روشن اور تابناک مستقبل کی نوید ہے۔
ہلیانِ تحصیل گوجرہ نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام بچوں کو زندگی کے ہر امتحان میں کامیابی اور سرخروئی عطا فرمائے اور انہیں علم، کردار اور خدمت کے میدان میں ملک و قوم کا نام روشن کرنے کی توفیق دے۔
آمین
