گوجرہ : ٹوبہ روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں خاتون سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتار مسافر بس اور ڈالہ کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں پیش آیا۔ حادثے کے وقت ڈالہ میں سوار تمام افراد شدید متاثر ہوئے، جن میں سے تین افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ایک شخص شدید زخمی ہوگیا۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمی کو تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت 35 سالہ پرویز ولد منیر، 48 سالہ نوید سجاد ولد حاجی کریم بخش اور 15 سالہ جویریہ دختر پرویز کے نام سے ہوئی ہے۔ تمام متاثرین تحصیل چوبارہ، ضلع لیہ کے رہائشی تھے۔
حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہوگئی جبکہ لواحقین غم سے نڈھال ہیں۔ یہ المناک سانحہ متاثرہ خاندانوں کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
اہلِ علاقہ نے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور تیز رفتاری کے خلاف مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔
اللہ تعالیٰ مرحومین کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور لواحقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔
