ٹوبہ ٹیک سنگھ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ کی زیرِ قیادت ضلع پولیس جرائم کے خاتمے کے ساتھ ساتھ عوام کو جدید، آسان اور بروقت سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسی سلسلے میں پولیس خدمت مراکز اور موبائل خدمت مرکز کے ذریعے شہریوں کو مختلف پولیس خدمات ایک ہی چھت تلے فراہم کی جا رہی ہیں۔
ترجمان ٹوبہ ٹیک سنگھ پولیس کے مطابق پولیس خدمت مراکز کے قیام کا بنیادی مقصد شہریوں کو پولیس سے متعلقہ متعدد سہولیات آسان اور شفاف انداز میں فراہم کرنا ہے۔ ان مراکز میں ایف آئی آر کی نقل، گمشدگی رپورٹ، اندراج کرایہ داران، وہیکل ویری فکیشن، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ، ڈرائیونگ لائسنس، جنرل پولیس ویری فکیشن اور جرم کی اطلاع سمیت 14 سے زائد خدمات مہیا کی جا رہی ہیں۔
شہریوں کی مزید سہولت کے لیے پولیس موبائل خدمت مرکز بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے، جو روزانہ کی بنیاد پر تحصیلوں اور دیہی علاقوں کا دورہ کرکے عوام کو ان کی دہلیز پر خدمات فراہم کر رہا ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق مئی 2026 کے دوران ضلع بھر کے پولیس خدمت مراکز سے مجموعی طور پر 6,917 شہریوں نے مختلف سہولیات حاصل کیں۔ ان میں ڈرائیونگ لرنر اور لائسنس کی تجدید کے لیے 1,908، پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ کے لیے 1,215، ایف آئی آر کی نقل کے حصول کے لیے 90، وہیکل ویری فکیشن کے لیے 39، اندراج کرایہ داران کے لیے 919، جنرل پولیس ویری فکیشن کے لیے 2,193، گمشدگی رپورٹ کے لیے 144 جبکہ میڈیکولیگل سرٹیفکیٹ کے لیے 463 افراد نے خدمات حاصل کیں۔
ترجمان پولیس کے مطابق تمام سائلین کو فوری، شفاف اور خوش اسلوبی سے مطلوبہ سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ عوامی خدمت کے اس نظام کو مزید مؤثر اور جدید بنانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے۔
