گوجرہ: چک 434 میں زمین کے تنازع پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں 19 سالہ نوجوان نے اپنے 70 سالہ دادا کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت اصغر علی کے نام سے ہوئی ہے، جنہیں ان کے پوتے حمزہ نے مبینہ طور پر زمین کے تنازع پر فائرنگ کرکے شدید زخمی کر دیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں اصغر علی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم حمزہ کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں اور جلد اسے قانون کی گرفت میں لایا جائے گا۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
علاقہ مکینوں نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزم کو فوری گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت سزا دی جائے۔
