گوجرہ: رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں شہر بھر میں چوری کی وارداتوں میں اضافے نے شہریوں کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ تازہ واقعہ پنیسرہ روڈ پر واقع کچا گوجرہ کے علاقے میں پیش آیا جہاں نامعلوم چور جامعہ مسجد بوہڑ والی سے سوئی گیس میٹر چوری کر کے فرار ہو گئے۔
علاقہ مکینوں کے مطابق گزشتہ رات نامعلوم افراد مسجد میں داخل ہوئے اور سوئی گیس کا میٹر اتار کر ساتھ لے گئے۔ واردات کے بعد چور باآسانی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔
اہلیانِ علاقہ کا کہنا ہے کہ کچا گوجرہ اور گردونواح میں چوری کی وارداتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، تاہم بار بار شکایات کے باوجود مؤثر کارروائی دیکھنے میں نہیں آئی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی وارداتوں کے باعث علاقے میں خوف و ہراس کی فضا قائم ہے اور لوگ خود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
مقامی افراد نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گوجرہ میں پولیس گشت کو فوری طور پر بڑھایا جائے اور چوری کی بڑھتی ہوئی وارداتوں کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ملوث ملزمان کو گرفتار کیا جائے، تاکہ شہریوں کو تحفظ اور اعتماد فراہم کیا جا سکے۔
