گوجرہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ رات گوجرہ میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی مذبح خانے سے 1300 کلوگرام مضرِ صحت گوشت برآمد کر کے موقع پر تلف کر دیا۔ کارروائی کے دوران گوشت کی ترسیل میں استعمال ہونے والی گاڑی اور دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق، ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کی ہدایات پر ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدنان حیدر کی سربراہی میں فوڈ سیفٹی ٹیم نے لائیو اسٹاک حکام اور پولیس کے ہمراہ گوجرہ میں کارروائی کی۔ حکام کے مطابق مذکورہ غیر قانونی مذبح خانے میں بیمار، لاغر اور نیم مردہ جانوروں کا گوشت تیار کیا جا رہا تھا۔
کارروائی کے دوران گوشت میں کیڑے بھی پائے گئے، جس پر ویٹرنری ڈاکٹر نے اسے انسانی استعمال کے لیے انتہائی مضرِ صحت قرار دیا۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے برآمد ہونے والا 1300 کلوگرام ناقص گوشت موقع پر تلف کر دیا، جبکہ گوشت کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی اور دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی اس کارروائی کا مقصد شہریوں کو مضرِ صحت گوشت کی فراہمی سے بچانا اور خوراک کے معیار کو یقینی بنانا ہے۔

