گوجرہ: علی اینڈ کو رشید احمد کنسورشیم کے زیر انتظام جاری صفائی و ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کے تحت پراجیکٹ ڈائریکٹر جاوید حسین نے تحصیل گوجرہ میں کنٹرول ڈمپ سائٹ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر مینجر آپریشن رورل ثاقب بلال اور مینجر آپریشن سٹی رانا عمیر جاوید بھی ان کے ہمراہ تھے۔
دورے کے دوران پراجیکٹ ڈائریکٹر نے ڈمپ سائٹ پر جاری تعمیراتی اور عملی سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے کام کی رفتار اور معیار کے بارے میں بریفنگ لی۔ جاوید حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ کنٹرول ڈمپ سائٹ منصوبہ تحصیل گوجرہ کے عوام کے لیے ایک اہم اقدام ہے، جس سے شہری صفائی، فضلہ منتقلی اور ماحولیاتی تحفظ میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے اور تمام مراحل کو معیاری اصولوں کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ویسٹ مینجمنٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے نہ صرف ماحول صاف ستھرا رہے گا بلکہ عوام کو صحت مند زندگی گزارنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے۔
اس موقع پر مینجر آپریشن رورل ثاقب بلال اور مینجر آپریشن سٹی رانا عمیر جاوید نے بھی منصوبے کی پیشرفت سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ٹیمیں فیلڈ میں دن رات متحرک ہیں تاکہ منصوبہ بروقت مکمل ہو سکے۔
