گوجرہ: گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز میں سولر پراجیکٹ کی تنصیب مکمل کر لی گئی۔ اس موقع پر پراجیکٹ کے افتتاح کے سلسلے میں سابق چیئرمین بلدیہ میاں محمد اسلام، سابق چیئرمین یونین کونسل میاں محمد نصیر، سابق کونسلر حاجی اشتیاق، حاشر قدیر علوی اور زبیر سرور اعوان سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔
اس موقع پر کالج کے پرنسپل حق نواز دانش اعوان نے معزز مہمانوں کو کالج کا دورہ کروایا اور جاری تعلیمی سیشن، طلبہ کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور انہیں درپیش مسائل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
مہمانوں نے تعلیمی سرگرمیوں اور طلبہ کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے گفتگو کی۔ اس موقع پر کالج کو درپیش مسائل جلد حل کروانے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی۔
کالج میں سولر پراجیکٹ کی تنصیب کو تعلیمی ادارے میں سہولیات کی بہتری کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے بجلی کی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
