گوجرہ، بارش کے بعد شہر تالاب بن گیا، نکاسی آب کے نظام پر سوالات

 

Gojra, city turns into pond after rain, questions on drainage system

گوجرہ: حالیہ موسلادھار بارش نے شہر میں نکاسی آب کے نظام کی کارکردگی پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔ بارش کے بعد گوجرہ کی متعدد اہم سڑکیں، بازار اور رہائشی گلیاں پانی میں ڈوب گئیں، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔


شہریوں کا کہنا ہے کہ بیوٹیفکیشن اور ڈرینیج منصوبوں پر بھاری سرکاری اخراجات کے باوجود بارش کا پانی بروقت نکالا نہ جا سکا، جس کے نتیجے میں کئی علاقے تالاب کا منظر پیش کرنے لگے۔ لوگوں نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں سے نکاسی آب کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا۔


دوسری جانب بارش کے بعد میونسپل کمیٹی کے دفتر کے احاطے میں بھی پانی جمع ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں، جس پر شہریوں نے سوال اٹھایا کہ جب متعلقہ ادارے کا اپنا دفتر ہی بارش کے پانی سے محفوظ نہ رہ سکا تو شہر بھر میں نکاسی آب کے انتظامات کی کارکردگی پر سوالات اٹھنا فطری ہیں۔


شہریوں نے حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ بارش سے متاثرہ علاقوں سے فوری پانی نکالنے کے ساتھ ساتھ ڈرینیج سسٹم کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے تاکہ آئندہ بارشوں میں شہریوں کو ایسی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


واضح رہے کہ گوجرہ میں حالیہ عرصے کے دوران بیوٹیفکیشن، ڈرینیج اور دیگر میونسپل سروسز کی بہتری کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری رہا ہے۔

اشتہار