ممکنہ سیلاب کے پیش نظر ڈی سی ٹوبہ ٹیک سنگھ کا کمالیہ کے حفاظتی بندوں اور فلڈ ایریاز کا ہنگامی دورہ

 

DC Toba Tek Singh makes emergency visit to Kamalia safety dams and flood areas in view of possible floods

ٹوبہ ٹیک سنگھ : دریائے راوی میں ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ ماہم آصف ملک نے تحصیل کمالیہ کے مختلف حساس مقامات کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران انہوں نے پل وہاب والا، محمد شاہ بنگلہ والا بند، جلار سگھلہ بند اور مل فتیانہ فلڈ ایریا کا دورہ کرکے حفاظتی انتظامات اور متعلقہ اداروں کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔


ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ علاقوں کے رہائشیوں سے ملاقات کی اور انہیں ممکنہ سیلابی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں، جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں اور کسی بھی صورت میں دریا یا سیلابی پانی کے قریب نہ جائیں۔


ماہم آصف ملک نے بتایا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے سرکاری سکولوں میں فلڈ ریلیف کیمپ قائم کیے جائیں گے، جہاں متاثرہ افراد کو ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔


انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور دیگر متعلقہ محکمے مکمل طور پر الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔

اشتہار