گوجرہ: ے چک نمبر 277 ر ب، ڈجکوٹ روڈ پر پیش آنے والے ٹریفک حادثے میں ایک موٹر سائیکل سوار جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثہ رکشہ اور دیگر گاڑیوں کے درمیان تصادم کے نتیجے میں پیش آیا، جس کے باعث موٹر سائیکل سوار محمد شاہد (36 سال) موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے۔ حادثے میں رکشہ ڈرائیور راحت سلیم (40 سال) اور ابیح (7 سال) بھی زخمی ہوئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا، جبکہ جاں بحق محمد شاہد کی میت بھی ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثے کے بعد کار اور ڈالہ کے ڈرائیور اپنی گاڑیاں چھوڑے بغیر موقع سے فرار ہو گئے۔ پولیس نے واقعہ کی اطلاع ملنے پر قانونی کارروائی شروع کر دی ہے اور فرار ہونے والے ڈرائیوروں کی تلاش جاری ہے۔
