ٹوبہ ٹیک سنگھ : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول کے لیے ضلعی انتظامیہ کی کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک کی زیر صدارت پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران کی گئی کارروائیوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ گزشتہ ایک ہفتے کے دوران پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے ضلع بھر میں 12 ہزار 883 انسپکشنز مکمل کیں، جبکہ گرانفروشی اور سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک لاکھ 18 ہزار 500 روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔
اجلاس میں روٹی کی مقررہ قیمت پر عملدرآمد کا بھی خصوصی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ کے مطابق گزشتہ ایک ہفتے کے دوران 2 ہزار 612 انسپکشنز کی گئیں، جبکہ روٹی سرکاری نرخ سے زائد قیمت پر فروخت کرنے والوں کو 31 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ انسپیکشنز اور جرمانوں کے اثرات عملی طور پر فیلڈ میں واضح نظر آنے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مؤثر مانیٹرنگ کے ذریعے عام شہریوں کو حقیقی ریلیف فراہم کرنا ہی پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی اولین ذمہ داری ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ سرکاری ریٹ لسٹ پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور گرانفروشی کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں تاکہ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررہ نرخوں پر دستیاب رہیں۔
