گوجرہ: زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کانسٹیٹیونٹ کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ کی جانب سے تعلیمی سال 2026 کے داخلوں کے حوالے سے تحصیل گوجرہ میں ایک آگاہی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں صحافیوں، طلبہ، والدین اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل کانسٹیٹیونٹ کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ، پروفیسر ڈاکٹر راشد وسیم خان نے کہا کہ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد دنیا کی ممتاز زرعی جامعات میں شمار ہوتی ہے، جبکہ کانسٹیٹیونٹ کالج ٹوبہ ٹیک سنگھ گزشتہ دو دہائیوں سے خطے کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیمی مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ انڈرگریجویٹ پروگرامز کے دوسرے انٹری ٹیسٹ کے لیے آن لائن رجسٹریشن 8 جولائی سے 24 جولائی تک جاری رہے گی، جبکہ انٹری ٹیسٹ 2 اگست کو منعقد ہوگا۔ اسی طرح پوسٹ گریجویٹ پروگرامز کا پہلا انٹری ٹیسٹ 19 جولائی جبکہ دوسرا 16 اگست کو لیا جائے گا۔
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر ضیاء الرحمن، ڈاکٹر محمد فاروق خالد، ڈاکٹر محمد عون، ڈاکٹر ملیحہ سرفراز، ڈاکٹر محمد حسن کاٹھیا اور ڈاکٹر تعظیم خالد نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے شرکاء کو مختلف تعلیمی پروگرامز، داخلہ پالیسی، میرٹ، اسکالرشپس اور مستقبل میں دستیاب پیشہ ورانہ مواقع سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔
تقریب کے دوران بتایا گیا کہ رواں سال زرعی شعبے سے دلچسپی رکھنے والے طلبہ کے لیے بی ایس (آنرز) ایگریکلچر کا نیا پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے، جس میں ہارٹیکلچر اور ایگرانومی بطور میجرز شامل کیے گئے ہیں۔
شرکاء کو آگاہ کیا گیا کہ کالج میں مارننگ پروگرامز کے تحت پولٹری سائنس، اینیمل سائنسز، ایگریکلچر، کمپیوٹر سائنس، بی بی اے، ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس، کیمسٹری، زوالوجی، ریاضی، باٹنی، فزکس اور بائیو کیمسٹری میں داخلے جاری ہیں۔ جبکہ ایوننگ پروگرامز میں کمپیوٹر سائنس، انگلش، ریاضی، فزکس، باٹنی اور بائیو کیمسٹری کے شعبوں میں بھی داخلے جاری ہیں۔
پوسٹ گریجویٹ سطح پر پولٹری سائنس، اینیمل نیوٹریشن، زوالوجی، کیمسٹری، ہیومن نیوٹریشن اینڈ ڈائیٹیٹکس اور کمپیوٹر سائنس میں داخلے جاری ہیں، جبکہ ویک اینڈ پروگرامز کے تحت ایم بی اے (ایگزیکٹو) اور بی ایڈ میں بھی طلبہ کو داخلے کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
کالج انتظامیہ کے مطابق طلبہ اور والدین کی رہنمائی کے لیے سٹی کیمپس اور نیو کیمپس میں خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، جہاں داخلوں سے متعلق معلومات اور رہنمائی فراہم کی جا رہی ہے۔ مزید معلومات یونیورسٹی کی ویب سائٹ یا فون نمبر 046-9201098 اور 0333-6735067 پر حاصل کی جا سکتی ہیں۔
تقریب کے اختتام پر تحصیل گوجرہ کے میڈیا نمائندوں نے داخلہ آگاہی مہم کو سراہتے ہوئے اسے خطے کے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کی جانب راغب کرنے اور ان کے روشن مستقبل کے لیے ایک مثبت اور مؤثر اقدام قرار دیا۔
