گوجرہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، جعلی جوس تیار کرنے والا یونٹ سیل، ملزم گرفتار
گوجرہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے جعلی اور غیر معیاری جوس تیار کرنے والے یونٹ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا، جبکہ بھاری مقدار میں جعلی جوس، خالی بوتلیں، جعلی لیبلز اور دیگر سامان قبضے میں لے لیا گیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق یہ کارروائی ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی سید موسیٰ رضا کی ہدایات پر ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز فیصل آباد ڈویژن امتیاز حسین کی نگرانی میں کی گئی۔ اس موقع پر فوڈ سیفٹی ٹیم نے ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز عدنان حیدر کی سربراہی میں گوجرہ میں قائم جعلی جوس بنانے والے یونٹ پر چھاپہ مارا۔
کارروائی کے دوران ملزم مختلف معروف برانڈز کی جعلی پیکنگ میں ناقص معیار کے فلیورڈ ڈرنکس اور جوس تیار کرتے ہوئے پکڑا گیا۔ فوڈ اتھارٹی نے موقع سے 758 بوتلوں پر مشتمل سینکڑوں لیٹر جعلی جوس نما محلول، 2 ہزار 440 خالی بوتلیں، ہزاروں کی تعداد میں جعلی لیبلز اور نان ٹریسبل اجزاء برآمد کر کے قبضے میں لے لیے، جبکہ تمام جعلی اور غیر معیاری مشروبات موقع پر ہی تلف کر دیے گئے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق جعلی پیکنگ پر فیصل آباد اور لاہور کے پتے درج تھے تاکہ مصنوعات کو اصل برانڈز سے منسوب کیا جا سکے۔ فوڈ اتھارٹی نے یونٹ کو فوری طور پر سیل کر دیا، جبکہ ملزم کے خلاف تھانہ سٹی گوجرہ میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
دورے کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز امتیاز حسین کی سربراہی میں دیگر ریسٹورنٹس اور فوڈ پروڈکشن یونٹس کا بھی معائنہ کیا۔ صفائی کے ناقص انتظامات اور حفظانِ صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی پر متعدد فوڈ بزنس آپریٹرز کو جرمانے عائد کیے گئے۔
ایڈیشنل ڈائریکٹر آپریشنز امتیاز حسین نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب فوڈ اتھارٹی شہریوں کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی کے لیے بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے، اور خوراک میں جعلسازی یا ملاوٹ کے مرتکب عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
