گوجرہ: ٹوبہ روڈ انڈر پاس کی تعمیراتی سرگرمیاں طویل عرصے سے بند ہونے کے خلاف جماعتِ اسلامی گوجرہ کے زیرِ اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں شہریوں، تاجروں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مظاہرین نے حکومت اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ٹوبہ روڈ انڈر پاس پر فوری طور پر تعمیراتی کام دوبارہ شروع کیا جائے اور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کو درپیش سفری مشکلات اور ٹریفک مسائل کا خاتمہ ہو سکے۔
احتجاج کے دوران مقررین نے کہا کہ نامکمل انڈر پاس کی وجہ سے روزانہ ہزاروں شہری، طلبہ، ملازمین اور تاجر شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس منصوبے میں تاخیر کو عوامی مفاد کے خلاف قرار دیتے ہوئے ذمہ دار اداروں سے فوری اقدامات کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر ریلوے اسٹیشن گوجرہ پر لاہور جانے والی ٹرین کے اسٹاپ کی بحالی کے لیے بھی قرارداد پیش کی گئی، جسے شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ لاہور ٹرین اسٹاپ کی بحالی سے مسافروں، طلبہ، ملازمین اور کاروباری طبقے کو نمایاں سہولت میسر آئے گی۔
جماعتِ اسلامی گوجرہ کے رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کے حل کے لیے ان کی جدوجہد جاری رہے گی اور ٹوبہ روڈ انڈر پاس کی تکمیل اور لاہور ٹرین اسٹاپ کی بحالی تک ہر جمہوری اور آئینی فورم پر آواز بلند کی جاتی رہے گی۔
احتجاج کے شرکاء نے "نامکمل انڈر پاس مکمل کرو" اور "عوام کو فوری ریلیف دو" کے نعرے لگاتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکام فوری نوٹس لیں اور منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کریں۔
