ٹوبہ ٹیک سنگھ: تھانہ پیرمحل کی حدود میں واقع چک نمبر 321 گ ب سے افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے، جہاں لاپتا ہونے والے 3 سالہ بچے علی حسن کی لاش برآمد کر لی گئی۔
پولیس کے مطابق علی حسن، ولد فیصل، صبح تقریباً 9 بجے لاپتا ہوا تھا، جس کے بعد اہلخانہ نے اس کی تلاش شروع کی۔ اطلاع ملنے پر ایس ایچ او تھانہ پیرمحل مزمل حیات پولیس ٹیم کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور بچے کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن کا آغاز کیا۔
تقریباً تین گھنٹے کی تلاش کے بعد بچے کی لاش اس کے چچا ظفر ولد زمان کے گھر سے بیڈ پر کمبل میں لپٹی ہوئی حالت میں برآمد ہوئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ انہوں نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی، واقعے کی تفصیلات معلوم کیں اور لواحقین کو شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
ڈی پی او نے متعلقہ پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا باریک بینی سے جائزہ لیا جائے، تمام دستیاب شواہد اکٹھے کیے جائیں اور حقائق کو جلد از جلد سامنے لایا جائے۔
پولیس نے بچے کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال پیرمحل منتقل کر دی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی ضابطے کے مطابق جاری ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم رپورٹ اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد واقعے کی نوعیت اور ذمہ داران کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔
