گوجرہ ، کارٹ ایریا اور رکشہ اسٹینڈ منصوبہ مکمل، تجاوزات کا خاتمہ، ٹریفک کی روانی بہتر

 

Gojra, Cart Area and Rickshaw Stand Project Completed, Encroachments Eliminated, Traffic Flow Improved

گوجرہ: ضلعی انتظامیہ نے شہر کی خوبصورتی، ٹریفک کی روانی اور شہری سہولت کے فروغ کے لیے ایک اہم منصوبہ کامیابی سے مکمل کر لیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر عمر میلہ کی خصوصی نگرانی اور اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ ریاض گجر کی سربراہی میں کارٹ ایریا اینڈ رکشہ اسٹینڈ منصوبہ پایۂ تکمیل کو پہنچ گیا۔


منصوبے کے تحت سب سے پہلے متعلقہ علاقے سے تجاوزات کا مکمل خاتمہ کیا گیا، جس کے بعد ریڑھی بانوں کے لیے ایک باقاعدہ اور منظم کارٹ ایریا قائم کیا گیا، جبکہ رکشوں کی پارکنگ کے لیے علیحدہ اسٹینڈ بھی تعمیر کیا گیا۔


ضلعی انتظامیہ کے مطابق منصوبے میں پورے ایریا کو ٹف ٹائل سے آراستہ کیا گیا، کنٹرولڈ رسائی کو یقینی بنانے کے لیے داخلی و خارجی گیٹس نصب کیے گئے اور شہریوں کی رہنمائی کے لیے سائن بورڈز لگائے گئے۔ اس کے علاوہ دیواروں پر خوبصورت آرٹ ورک کیا گیا، جس سے علاقے کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔


انتظامیہ کا کہنا ہے کہ منصوبے کی تکمیل سے سڑکیں تجاوزات اور غیر ضروری رش سے پاک ہو گئی ہیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی میں بہتری آئی ہے۔ دوسری جانب ریڑھی بانوں اور رکشہ ڈرائیورز کو باقاعدہ، محفوظ اور منظم جگہ میسر آنے سے ان کے روزگار کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔


ضلعی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی، ٹریفک نظام کی بہتری، تجاوزات کے خاتمے اور شہر کی خوبصورتی و ترقی کے لیے آئندہ بھی ایسے عوامی فلاحی منصوبے اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے جائیں گے۔

اشتہار