گوجرہ : رکن صوبائی اسمبلی اسد زمان چیمہ نے عبداللہ پور کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے سابق کونسلر بلدیہ میاں عمیر حسن کے والد محترم کے انتقال پر ان کی رہائش گاہ پہنچ کر فاتحہ خوانی کی، مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی اور اہل خانہ سے دلی تعزیت و گہرے افسوس کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ملک غلام مصطفیٰ اعوان بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔
ایم پی اے اسد زمان چیمہ نے مرحوم کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی کامل مغفرت فرمائے، انہیں جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا کرے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و ہمت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔ آمین۔
بعد ازاں اسد زمان چیمہ نے اپنے حلقے کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے معززین، بزرگوں، دوستوں اور مقامی شہریوں سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران انہوں نے عوامی مسائل سنے اور یقین دہانی کرائی کہ تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اسد زمان چیمہ نے کہا کہ عوام نے ہمیشہ ان پر بھرپور اعتماد اور محبت کا اظہار کیا ہے، جس پر وہ اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپنے حلقے کے عوام کے ساتھ ان کا تعلق محض سیاست کا نہیں بلکہ عزت، احترام اور خدمت کا رشتہ ہے، جو ہمیشہ قائم رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حلقے کے عوام نے انہیں بھاری اکثریت سے کامیاب بنا کر صوبائی اسمبلی بھیجا، جس پر وہ خود کو عوام کا مقروض سمجھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت، ان کے مسائل کا حل اور ان کی عزت و احترام کا تحفظ ان کی اولین ذمہ داری ہے، اور وہ اس فرض کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

