ٹوبہ ٹیک سنگھ: پھلور روڈ، چک نمبر 294 ج ب ابن کے قریب ٹرالی کی ٹکر سے 6 سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔
لواحقین کے مطابق محمد ذکریا ولد عمران معمول کے مطابق مدرسے جا رہا تھا کہ اسی دوران پیچھے سے آنے والی تیز رفتار ٹرالی نے اسے ٹکر مار دی۔ حادثے کے نتیجے میں بچے کے سر پر شدید چوٹ آئی۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی۔ ریسکیو حکام نے بچے کا طبی معائنہ کیا، تاہم معائنے کے دوران اس میں زندگی کی کوئی علامت موجود نہیں تھی اور اس کی موت کی تصدیق کر دی گئی۔
حادثے کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی، جبکہ اہلِ علاقہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
