گوجرہ : پینسرہ روڈ پر اڈہ 82 کے قریب کوسٹر اور موٹر سائیکل کے درمیان ہونے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں 55 سالہ موٹر سائیکل سوار جاں بحق ہو گئے۔
ریسکیو 1122 کے مطابق حادثے کی اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں اور زخمی شخص کو بچانے کے لیے سی پی آر (CPR) اور آکسیجن سمیت ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی، تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت لطیف مسیح کے نام سے ہوئی ہے، جن کی عمر تقریباً 55 سال بتائی گئی ہے۔
ریسکیو حکام نے ضروری قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد میت کو تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال گوجرہ منتقل کر دیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کچھ دیر کے لیے ٹریفک کی روانی متاثر رہی، جبکہ حادثے کی مزید وجوہات جاننے کے لیے متعلقہ اداروں کی جانب سے کارروائی جاری ہے۔
