گوجرہ: سابق رکنِ قومی اسمبلی خالد جاوید وڑائچ نے اپنے حلقہ کی اضافی آبادی 179 میں بجلی کی نئی اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں کارکنان، معززینِ علاقہ اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے موقع پر خالد جاوید وڑائچ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ کارکنان اور علاقہ مکینوں نے ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور پھولوں کے ہار پہنا کر اپنی محبت اور اعتماد کا اظہار کیا۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے خالد جاوید وڑائچ نے کہا کہ عوام کی خدمت ان کا مشن ہے اور وہ اپنے حلقے کی ترقی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی نئی اسکیم سے علاقے میں توانائی سے متعلق مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور شہریوں کو بہتر سہولیات میسر آئیں گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا، کیونکہ عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔
تقریب کے شرکاء نے بجلی کی نئی اسکیم کے آغاز کو علاقے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس منصوبے سے مقامی آبادی کو دیرپا فوائد حاصل ہوں گے۔
