ٹوبہ ٹیک سنگھ: ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ، ماہم آصف ملک نے عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ضلع بھر میں دفعہ 144 کے تحت اہم حکم نامہ جاری کر دیا ہے، جس کے مطابق مون سون سیزن کے دوران دریائے راوی، نہروں، تالابوں، ندی نالوں، بارشی پانی اور دیگر آبی مقامات میں نہانے، تیراکی کرنے اور کھیلنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
جاری کردہ حکم نامے کے مطابق سڑکوں، گلیوں، کھلے میدانوں اور نشیبی علاقوں میں جمع بارشی پانی میں نہانے، کودنے اور کھیلنے پر بھی پابندی نافذ ہوگی۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق مون سون کے دوران پانی کی سطح میں اضافے اور تیز بہاؤ کے باعث ڈوبنے اور دیگر حادثات کے خطرات بڑھ جاتے ہیں، جن سے شہریوں خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کو محفوظ رکھنے کے لیے یہ اقدام کیا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو بارشی پانی، دریاؤں، نہروں، تالابوں اور دیگر آبی مقامات کے قریب جانے سے روکیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
حکم نامہ فوری طور پر ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ کی حدود میں نافذ العمل ہو گیا ہے اور آئندہ 30 روز تک مؤثر رہے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے تمام متعلقہ اداروں کو دفعہ 144 پر سختی سے عملدرآمد، مسلسل مانیٹرنگ اور حفاظتی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے، لہٰذا عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔

