ٹوبہ ٹیک سنگھ: ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کی گئی کارروائی کے دوران شہر کے مین بازار میں صبح کے اوقات میں کھلنے والی تمام دکانیں اچانک بند کروا دی گئیں، جس کے باعث خریداری کے لیے آنے والے شہریوں اور دکانداروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
عینی شاہدین کے مطابق انتظامیہ کی ٹیم نے مین بازار پہنچ کر دکانداروں کو فوری طور پر دکانیں بند کرنے کی ہدایت کی، جس پر تمام کاروباری مراکز بند کر دیے گئے۔ اچانک ہونے والی اس کارروائی کے باعث بازار میں خریداری کے لیے موجود شہری پریشانی کا شکار ہو گئے، جبکہ متعدد دکاندار بھی صورتحال پر حیران دکھائی دیے۔
تاحال دکانیں بند کروانے کی وجوہات سامنے نہیں آ سکیں اور نہ ہی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف جاری کیا گیا ہے۔ شہریوں اور تاجروں نے مطالبہ کیا ہے کہ انتظامیہ اس کارروائی کی وجوہات واضح کرے تاکہ غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ ہو سکے۔
