گوجرہ: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گوجرہ کے محلہ رحمان پورہ میں قائم ایک غیر قانونی مذبح خانے پر کارروائی کرتے ہوئے لاغر جانوروں کا ناقص اور مضرِ صحت گوشت برآمد کر لیا۔ کارروائی کے دوران فوڈ سیفٹی ٹیم نے موقع سے بڑی مقدار میں غیر معیاری گوشت قبضے میں لے کر فوری طور پر تلف کر دیا۔
ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق چھاپے کے دوران مجموعی طور پر 445 کلو گرام مضرِ صحت گوشت برآمد ہوا، جسے انسانی صحت کے لیے خطرناک قرار دیتے ہوئے تلف کر دیا گیا۔ اس کے علاوہ مذبح خانے میں استعمال ہونے والا سامان بھی ضبط کر لیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ مذبح خانے میں صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے جبکہ لاغر اور بیمار جانوروں کا گوشت فروخت کے لیے تیار کیا جا رہا تھا، جو فوڈ سیفٹی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ذمہ دار ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا ہے جبکہ مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ صحت مند اور معیاری خوراک کے استعمال کو یقینی بنانے کے لیے مشکوک خوراک یا گوشت کی فروخت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں۔
