ٹوبہ ٹیک سنگھ: ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ نے آج تحصیل ہیڈکوارٹر (THQ) ہسپتال گوجرہ کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ ریاض گجر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) ڈاکٹر ملیحہ خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
دورے کے آغاز پر ایم ایس ڈاکٹر ملیحہ خان نے ہسپتال میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، مریضوں کی دیکھ بھال اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے مختلف وارڈز، فارمیسی، عملے کی حاضری اور ڈیوٹی روسٹر کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے ہسپتال میں زیر علاج مریضوں اور ان کے لواحقین سے براہِ راست ملاقات کی اور علاج معالجے، طبی سہولیات اور مفت ادویات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کی آراء اور مسائل سنے اور متعلقہ افسران کو فوری بہتری کے لیے ضروری ہدایات جاری کیں۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ عوام کو معیاری طبی سہولیات کی فراہمی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور علاج کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی خدمت اور انہیں بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
دورے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کے مختلف شعبوں کی کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ کو خدمات کے معیار میں مزید بہتری لانے کی ہدایت کی۔
