رجانہ ، ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کی کھلی کچہری، شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری

 

Rajana, DPO Toba Tek Singh holds open court, orders issued for immediate resolution of citizens’ issues

رجانہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایات کے مطابق عوامی مسائل کے بروقت حل اور شہریوں کی براہِ راست داد رسی کے لیے گورنمنٹ بوائز ہائی سکول رجانہ میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔


کھلی کچہری میں اہلِ علاقہ، معززین، سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سامنے پیش کیں۔ ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے شہریوں کے مسائل تفصیل سے سنے اور موقع پر موجود متعلقہ پولیس افسران کو فوری اور مؤثر کارروائی کے احکامات جاری کیے۔


اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ نے کہا کہ کھلی کچہریوں کا بنیادی مقصد عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا، شہریوں کے مسائل ان کی دہلیز پر جا کر سننا اور انہیں فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا اعتماد حاصل کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔


ڈی پی او نے مزید کہا کہ ایک محفوظ، پُرامن اور قانون پسند معاشرے کے قیام کے لیے پولیس اور عوام کے درمیان باہمی تعاون ناگزیر ہے، جبکہ جرائم کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے لیے کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے۔


کھلی کچہری میں ڈی ایس پی صدر سرکل ٹوبہ خالد محمود، سرکل کے مختلف تھانوں کے ایس ایچ اوز، دیگر پولیس افسران، معززینِ علاقہ اور میڈیا نمائندگان بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے عوامی مسائل کے حل کے لیے کھلی کچہری کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور پولیس کے اس اقدام کو عوام دوست پالیسی کا حصہ قرار دیا۔

اشتہار