گوجرہ: ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ٹوبہ ٹیک سنگھ اخلاق اللہ تارڑ آج (13 جون 2026) نواں لاہور سرکل کے عوام کے مسائل سننے کے لیے کھلی کچہری کا انعقاد کریں گے۔
پولیس ترجمان کے مطابق کھلی کچہری گورنمنٹ ہائی سکول 336 ج ب چراغ آباد میں شام 4 بجے منعقد ہوگی، جہاں گوجرہ اور نواں لاہور کے شہری پولیس سے متعلق اپنے مسائل، شکایات اور تجاویز براہِ راست ڈی پی او ٹوبہ ٹیک سنگھ کے سامنے پیش کر سکیں گے۔
ڈی پی او اخلاق اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ کھلی کچہریوں کا مقصد عوام اور پولیس کے درمیان رابطے کو مضبوط بنانا، شہریوں کے مسائل فوری طور پر سننا اور ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس موقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنے جائز مسائل و شکایات براہِ راست متعلقہ حکام کے سامنے رکھیں۔
ضلعی پولیس انتظامیہ کے مطابق عوامی شکایات کے فوری ازالے اور پولیسنگ کے نظام میں بہتری کے لیے ایسی کھلی کچہریوں کا انعقاد تسلسل کے ساتھ کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو بروقت انصاف اور بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں۔
عوامی حلقوں نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس سے پولیس اور شہریوں کے درمیان اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور مقامی سطح پر درپیش مسائل کے حل میں مدد ملے گی۔

