ٹوبہ ٹیک سنگھ: اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ڈپٹی کمشنر آفس میں تعینات ایک نائب قاصد کو مبینہ رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کر لیا ہے۔
ترجمان اینٹی کرپشن کے مطابق ملزم پر الزام ہے کہ اس نے موضع 754 گ ب میں 100 کنال اراضی کا قبضہ دلوانے کے عوض درخواست گزار سے 10 لاکھ روپے رشوت طلب کی۔ حکام کے مطابق رقم میں سے 8 لاکھ روپے نجی بینک اکاؤنٹ کے ذریعے منتقل کیے گئے جبکہ باقی 2 لاکھ روپے نقد ادا کیے گئے۔
اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ دورانِ تفتیش الزامات کے شواہد سامنے آنے پر ملزم کو گرفتار کیا گیا۔ بعد ازاں اسے متعلقہ عدالت میں پیش کیا گیا جہاں عدالت نے ملزم کا 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے اسے مزید تفتیش کے لیے اینٹی کرپشن حکام کے حوالے کر دیا۔
حکام کے مطابق مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے، جبکہ ملزم پر عائد الزامات کا حتمی فیصلہ عدالت میں شواہد اور قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔
