ٹوبہ ٹیک سنگھ: خواتین اساتذہ کی جانب سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر (ایلیمنٹری) سردار جاوید اقبال نقاش کے خلاف لگائے گئے مبینہ ہراسگی الزامات کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔
ذرائع کے مطابق خاتون ٹیچر سعدیہ سلطان نے 2 اپریل 2026 کو ڈی ای او (ایلیمنٹری) ایجوکیشن کے خلاف مبینہ ہراسگی کے الزامات عائد کیے تھے، جس کے بعد دیگر خواتین اساتذہ کی جانب سے بھی شکایات سامنے آئیں۔ معاملے پر اساتذہ تنظیموں اور سول سوسائٹی کے حلقوں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
اس سلسلے میں 6 اپریل 2026 کو سی ای او ایجوکیشن آفس ٹوبہ ٹیک سنگھ کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا گیا، جس میں شریک خواتین اساتذہ اور دیگر مظاہرین نے متاثرہ خواتین کو انصاف فراہم کرنے اور الزامات کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین کا مؤقف ہے کہ سنگین نوعیت کے الزامات کے باوجود متاثرہ خواتین کی مکمل شنوائی تاحال نہیں ہو سکی۔ تاہم سیکرٹری سکولز ایجوکیشن پنجاب کی جانب سے انکوائری رپورٹ طلب کیے جانے کے بعد اساتذہ تنظیموں اور سماجی حلقوں نے امید ظاہر کی ہے کہ تحقیقات غیر جانبدارانہ اور شفاف انداز میں مکمل کی جائیں گی اور اگر الزامات ثابت ہوئے تو ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ مذکورہ الزامات کی حقیقت کا حتمی تعین متعلقہ انکوائری کمیٹی کی رپورٹ اور سرکاری تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی ممکن ہوگا۔
