گوجرہ ، ٹوبہ روڈ انڈر پاس منصوبہ تعطل کا شکار، جماعتِ اسلامی کا فوری پورا کرنے مطالبہ

 

Gojra, Toba Road Underpass Project Stalled, Jamaat-e-Islami Demands Immediate Completion and Cleanliness Arrangements

گوجرہ: جماعتِ اسلامی کے ذمہ داران نے امیر جماعتِ اسلامی ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈاکٹر عطاءاللہ حمید کی قیادت میں زیرِ تعمیر ٹوبہ روڈ انڈر پاس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اہلِ علاقہ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے منصوبے کی سست روی اور طویل عرصے سے کام بند ہونے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔


مقامی شہریوں نے وفد کو بتایا کہ اربوں روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والا یہ اہم منصوبہ عرصہ دراز سے تعطل کا شکار ہے، جس کے باعث عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ شہریوں کے مطابق منصوبے کی تاخیر سے نہ صرف ٹریفک مسائل میں اضافہ ہوا ہے بلکہ قومی خزانے کا قیمتی سرمایہ بھی ضائع ہو رہا ہے۔


دورے کے دوران انڈر پاس اور اس کے اطراف میں جمع گندگی اور کھڑے پانی کا بھی جائزہ لیا گیا، جسے شرکاء نے انتظامی غفلت اور متعلقہ اداروں کی عدم توجہی قرار دیا۔


بعد ازاں مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عطاءاللہ حمید نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ ٹوبہ روڈ انڈر پاس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے، صفائی ستھرائی اور نکاسی آب کے مؤثر انتظامات کیے جائیں، اور عوام کے ٹیکس کے پیسے کو مزید ضائع ہونے سے بچایا جائے۔


انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل اور قومی وسائل کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے متعلقہ اداروں کو فوری اور عملی اقدامات اٹھانے چاہئیں۔

اشتہار