ٹوبہ ٹیک سنگھ : کھیکھا بنگلہ روڈ پر چک نمبر 347 گ ب کے قریب سکوٹی اور رکشہ کے درمیان ہونے والے المناک ٹریفک حادثے میں دو طلباء جاں بحق جبکہ 6 افراد زخمی ہو گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ تیز رفتاری اور ممکنہ طور پر بے احتیاطی کے باعث پیش آیا، جس کے نتیجے میں سکوٹی اور رکشہ آپس میں ٹکرا گئے۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ سکوٹی سوار دو طلباء موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے جبکہ رکشہ میں سوار 6 افراد زخمی ہو گئے۔
اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد قریبی ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں بعض زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس نے حادثے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ جاں بحق طلباء کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ واقعہ کے بعد علاقے میں فضا سوگوار ہو گئی اور شہریوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے۔

