گوجرہ: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پیپلز سیکریٹریٹ، پینسرہ روڈ بائی پاس، وڑائچ ہاؤس گوجرہ میں بین الاقوامی سطح پر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑی دانش آف 424 کے اعزاز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ دانش کو سری لنکا میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے اور پاکستان کا نام روشن کرنے پر بطور مہمانِ اعزاز مدعو کیا گیا۔
اس موقع پر سابق رکن قومی اسمبلی خالد جاوید وڑائچ، سابق ڈسٹرکٹ چیئرپرسن محترمہ فوزیہ خالد، عقبہ علی وڑائچ، حماس علی وڑائچ اور حیدر علی وڑائچ نے دانش کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔
مقررین نے کہا کہ نوجوان کھلاڑی دانش نے اپنی محنت، لگن اور غیر معمولی صلاحیتوں کے ذریعے نہ صرف اپنی بلکہ پورے پاکستان کی عزت میں اضافہ کیا ہے۔ سری لنکا میں ان کی کامیابی نوجوان نسل کے لیے ایک بہترین مثال ہے۔
تقریب کے شرکاء نے دانش کی بین الاقوامی سطح پر کامیابی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے پورے پاکستان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی ملک و قوم کا نام روشن کرتے رہیں گے۔
