ٹوبہ ٹیک سنگھ نہر میں گرنے والی 4 سالہ بچی مومینہ جاں بحق، 4 گھنٹے بعد لاش برآمد
ٹوبہ ٹیک سنگھ: ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی علاقے چک نمبر 351 گ ب ناگرہ پل کے قریب نہر میں گرنے والی 4 سالہ بچی مومینہ دختر محمد اختر جاں بحق ہو گئی۔
ریسکیو 1122 کے مطابق مومینہ نہر کے کنارے ہاتھ منہ دھو رہی تھی کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث پانی میں جا گری۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور بچی کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔
ریسکیو اہلکاروں نے تقریباً چار گھنٹے تک نہر میں مسلسل سرچ آپریشن جاری رکھا، جس کے بعد بچی کی لاش جائے وقوعہ سے تقریباً چار کلومیٹر دور نہر سے برآمد کر لی گئی۔
ریسکیو ٹیم نے لاش کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر (ڈی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹرز نے بچی کی موت کی تصدیق کر دی۔
جاں بحق ہونے والی مومینہ چک نمبر 335 گ ب نئی آبادی کی رہائشی تھی۔ افسوسناک واقعے پر اہل علاقہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
ریسکیو 1122 نے والدین سے اپیل کی ہے کہ بچوں کو نہروں، تالابوں اور دیگر آبی مقامات کے قریب اکیلا نہ چھوڑیں اور ان کی مسلسل نگرانی کریں تاکہ ایسے المناک واقعات سے بچا جا سکے۔
