گوجرہ : محکمہ داخلہ پنجاب نے محرم الحرام کے دوران امن و امان اور سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے گوجرہ سمیت صوبہ بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دفعہ 144 کا نفاذ یکم محرم سے 10 محرم الحرام (17 جون تا 26 جون) تک جاری رہے گا۔ اس دوران صوبے بھر میں سات اہم پابندیاں عائد کی گئی ہیں تاکہ جلوسوں اور مجالس کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق صرف منظور شدہ جلوسوں اور مجالس کے انعقاد کی اجازت ہوگی جبکہ کسی نئی سرگرمی یا روایت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ مجاز اتھارٹی کی پیشگی اجازت کے بغیر عوامی مقامات پر ہر قسم کے ہتھیاروں اور آتش گیر مواد کی نمائش پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔
محکمہ داخلہ نے عوامی جذبات، عقائد اور فرقوں کو مشتعل کرنے والے نعروں، اشاروں، بیانات اور تبصروں پر بھی مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔ اسی طرح فرقہ وارانہ یا نسلی منافرت کو فروغ دینے والے مواد کی تشہیر اور ترسیل پر بھی دفعہ 144 کا اطلاق ہوگا۔
جلوسوں کے راستوں پر واقع مکانات اور دیگر عمارتوں کی چھتوں پر مورچے بنانے، پتھر، اینٹیں، بوتلیں یا دیگر اشیاء جمع کرنے پر پابندی ہوگی۔ مزید برآں جلوسوں کے دوران راستوں میں واقع عمارتوں کی چھتوں اور دکانوں کے تھڑوں پر بطور تماشائی موجودگی بھی ممنوع قرار دی گئی ہے،
نوٹیفکیشن کے مطابق ڈبل سواری پر پابندی صرف 9 اور 10 محرم الحرام کو نافذ ہوگی، تاہم بزرگ شہری، خواتین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے۔
محکمہ داخلہ پنجاب نے دفعہ 144 کے نفاذ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد اور عوامی آگاہی کے لیے وسیع پیمانے پر تشہیری مہم چلانے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
