پنجاب اسمبلی اجلاس، اسد زمان چیمہ نے حلقہ 119 کے تعلیمی اور بنیادی مسائل ایوان میں اٹھا دیے

 

Punjab Assembly Session, Asad Zaman Cheema raised the educational and basic issues of Constituency 119 in the House

لاہور: پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں رکن صوبائی اسمبلی اسد زمان چیمہ نے ایک مرتبہ پھر اپنے حلقہ 119 کے اہم مسائل کو بھرپور انداز میں اجاگر کرتے ہوئے ان کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔


اپنی تقریر کے دوران اسد زمان چیمہ نے کہا کہ صوبائی بجٹ میں حلقہ 119 کے تعلیمی شعبے کے لیے خاطر خواہ فنڈز مختص نہیں کیے گئے، جو علاقے کے طلبہ و طالبات کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حلقے میں تعلیم کے فروغ کے لیے خصوصی بجٹ رکھا جائے تاکہ نوجوانوں کو بہتر تعلیمی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔


انہوں نے نیا لاہور کے علاقے میں گرلز کالج اور بوائز کالج کے قیام کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اعلیٰ تعلیمی اداروں کی عدم دستیابی کے باعث طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کالجز کے قیام سے نہ صرف تعلیمی معیار بہتر ہوگا بلکہ نوجوانوں کو اپنے ہی علاقے میں معیاری تعلیم کے مواقع بھی میسر آئیں گے۔


اسد زمان چیمہ نے اپنے خطاب میں پینے کے صاف پانی کے مسئلے کو بھی اجاگر کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ حلقہ 119 کے عوام کو صاف پانی کی فراہمی کے لیے فوری طور پر ایک جامع منصوبہ منظور کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور اس مسئلے کے حل کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔


انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ حلقہ 119 کے عوامی مسائل کے حل کو ترجیح دی جائے اور ترقیاتی منصوبوں کے لیے مناسب فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

اشتہار