گوجرہ : کمشنر فیصل آباد ڈویژن مسرت جبین نے ڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ عمر میلہ کے ہمراہ تحصیل گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر صفائی آپریشن کے لیے قائم خصوصی آگہی کیمپ اور پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
دورے کے دوران کمشنر مسرت جبین نے عید الاضحیٰ پر صفائی ستھرائی سے متعلق عوامی آگہی مہم کے لیے قائم خصوصی کیمپ کا معائنہ کیا اور شہریوں میں تقسیم کیے جانے والے آگاہی پمفلٹس اور قربانی کی آلائشیں محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگانے کے لیے فراہم کیے جانے والے بائیوڈیگریڈیبل بیگز کی تقسیم کے عمل کا جائزہ لیا۔
اس موقع پر "ستھرا پنجاب" حکام نے عید الاضحیٰ کے دوران صفائی کے ہنگامی انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ شہر بھر سے قربانی کی آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے 1040 اہلکار جبکہ 316 گاڑیاں اور مشینری چوبیس گھنٹے فیلڈ میں متحرک رہیں گی تاکہ شہریوں کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
کمشنر فیصل آباد مسرت جبین نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عید کے ایام میں صفائی کا معیار مثالی ہونا چاہیے اور شہریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
بعد ازاں کمشنر فیصل آباد نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت گوجرہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت اور تعمیراتی معیار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
کمشنر مسرت جبین نے میونسپل کمیٹی میں زیر تعمیر 4 لاکھ 50 ہزار گیلن گنجائش کے انڈر گراؤنڈ واٹر اسٹوریج ٹینک کی سائٹ کا خصوصی دورہ بھی کیا اور متعلقہ حکام کو سختی سے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ ٹائم لائن کے مطابق جلد مکمل کیے جائیں تاکہ شہریوں کو خصوصاً بارشی پانی کی نکاسی جیسے مسائل سے فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
