گوجرہ، اسسٹنٹ کمشنر کا لاری اڈہ دورہ، زائد کرایوں کے خلاف وارننگ

 

Gojra, Eid-ul-Adha arrangements: Assistant Commissioner visits Lorry Adda, warns against excessive fares

گوجرہ: اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ محمد ریاض گجر نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی اور حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے لاری اڈہ گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے بسوں کے کرایوں کا جائزہ لیا اور ٹرانسپورٹرز کو سرکاری نرخنامے پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت جاری کی۔


اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر محمد ریاض گجر نے ٹرانسپورٹرز کو واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ کے دوران مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی اور مقررہ کرایوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دورے کے دوران انہوں نے مسافروں سے بھی گفتگو کی اور سفری سہولیات، کرایوں اور ممکنہ شکایات کے حوالے سے آگاہی حاصل کی۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ نے امام مساجد کے ساتھ ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کیا، جس میں عیدالاضحیٰ کے دوران صفائی ستھرائی اور قربانی کی آلائشوں کو مناسب طریقے سے ٹھکانے لگانے کے حوالے سے تفصیلی آگاہی فراہم کی گئی۔

محمد ریاض گجر نے امام مساجد سے اپیل کی کہ وہ عید کے خطبات کے بعد عوام الناس کو یہ پیغام ضرور دیں کہ قربانی کے بعد آلائشیں نالوں، بازاروں، گلیوں یا کھلے مقامات پر نہ پھینکی جائیں بلکہ انہیں قربانی کی جگہ پر ہی رکھا جائے تاکہ “ستھرا پنجاب” سینیٹری عملہ بروقت انہیں اٹھا سکے۔


انہوں نے خبردار کیا کہ حکومتی ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور پچاس ہزار روپے تک جرمانہ بھی عائد کیا جا سکتا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ شہری “ستھرا پنجاب” ٹیم سے فراہم کردہ بیگز اور دیگر سہولیات حاصل کر کے صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بہتر سفری سہولیات اور صاف ستھرا ماحول فراہم کرنے کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے، کیونکہ صاف ماحول ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

اشتہار