گوجرہ : ٹوبہ روڈ بلمقابل انڈر پاس، محلہ حبیب پارک گلی نمبر 1 کے مکین سیوریج کے مین پائپ گلی میں سے گزارنے کے منصوبے کے خلاف سراپا احتجاج بن گئے۔ اہلِ محلہ نے شدید احتجاج ریکارڈ کرواتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔
مظاہرین کا کہنا ہے کہ رہائشی گلیوں میں سے مین سیوریج پائپ لائن گزارنے سے نہ صرف مکانات کی بنیادوں کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے بلکہ گیس پائپ لائنوں اور پینے کے صاف پانی کی سپلائی لائنیں بھی شدید متاثر ہو سکتی ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق اس اقدام سے کسی بھی وقت بڑے حادثے یا عوامی مشکلات جنم لے سکتی ہیں۔
اہلِ محلہ نے مؤقف اختیار کیا کہ سیوریج کے مرکزی پائپ کے لیے متبادل راستہ اختیار کیا جائے تاکہ رہائشی آبادی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں سے مطالبہ کیا کہ عوامی تحفظ کو مدِنظر رکھتے ہوئے اس منصوبے پر نظرِثانی کی جائے اور مقامی آبادی کے تحفظات دور کیے جائیں۔
