گوجرہ : جھنگ گوجرہ روڈ پر پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے ٹریفک حادثے میں خاتون اور شیر خوار بچے سمیت تین افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک موٹر سائیکل اور ٹریکٹر ٹرالی کے درمیان شدید تصادم ہوا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 60 سالہ سنتہ بی بی، 27 سالہ شاہین بی بی اور ڈیڑھ ماہ کا بچہ بشارت احسن شامل ہیں۔ تمام افراد کا تعلق چک 355 ج ب، گوجرہ سے بتایا جا رہا ہے۔
حادثے کے بعد لاشوں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس نے ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے لیا ہے، تاہم ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جس کی تلاش جاری ہے۔
عینی شاہدین کے مطابق حادثہ انتہائی شدید نوعیت کا تھا، تاہم موٹر سائیکل سوار احسن اس حادثے میں معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔
مقامی شہریوں نے اس افسوسناک واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا مزید ضیاع روکا جا سکے۔

