گوجرہ: ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے گوجرہ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ریاض گجر اور چیف آفیسر یاسر شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
ڈپٹی کمشنر نے سبزی منڈی میں جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا جہاں ٹف ٹائلز کی تنصیب اور سیوریج سسٹم کی بہتری پر کام جاری ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ کام کو معیاری انداز میں جلد مکمل کیا جائے تاکہ بیوپاریوں اور شہریوں کو کیچڑ اور گندے پانی سے نجات مل سکے۔
بعد ازاں انہوں نے زیرِ تعمیر رکشہ اسٹینڈ کا دورہ کیا اور رکشہ ڈرائیوروں و مسافروں کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اس منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آ سکیں۔
ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے سلاٹر ہاؤس گوجرہ کا بھی دورہ کیا، جہاں اپ گریڈیشن اور بحالی کے کام تیزی سے جاری ہیں۔ انہوں نے نئے ذبح ہال، شیڈز کی تعمیر، ٹف ٹائلز کی تنصیب اور سیوریج نظام کی بہتری کے کاموں کا جائزہ لیا۔
انہوں نے اسسٹنٹ کمشنر اور چیف آفیسر کو ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی کاموں میں معیار کو یقینی بناتے ہوئے انہیں جلد مکمل کیا جائے، تاکہ شہریوں کو صاف ستھرے ماحول میں معیاری سہولیات اور گوشت کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
