گوجرہ :جھنگ روڈ پر واقع گاؤں 358 ج۔ب دلم میں گھریلو تنازعہ سنگین رخ اختیار کر گیا، جہاں شبیر نامی شخص نے معمولی تلخ کلامی پر اپنی بیوی کو مبینہ طور پر فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا۔
ذرائع کے مطابق متاثرہ خاتون پانچ بچوں کی ماں ہے۔ واقعے کے بعد ملزم جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، جبکہ زخمی خاتون کو فوری طور پر سول ہسپتال گوجرہ منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت کے پیش نظر اسے مزید علاج کے لیے الائیڈ ہسپتال فیصل آباد ریفر کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں اور ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اہل علاقہ نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری انصاف کا مطالبہ کیا ہے۔
