گوجرہ میں عوامی سہولیات کی بہتری کے لیے جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے تحصیل ہیڈکوارٹر (ٹی ایچ کیو) ہسپتال، زیرِ تعمیر ڈسپوزل اسٹیشن اور علی اصغر پارک کا تفصیلی دورہ کیا۔
ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے وارڈز کا دورہ کیا اور زیرِ علاج مریضوں کی خیریت دریافت کی۔ انہوں نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ہسپتال کی راہداریوں کی بحالی اور مرمت کے جاری کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کو اعلیٰ معیار کے ساتھ جلد مکمل کیا جائے تاکہ مریضوں اور تیمارداروں کو آمد و رفت میں آسانی ہو۔
انہوں نے ہسپتال انتظامیہ کو صفائی ستھرائی کے بہترین انتظامات یقینی بنانے اور مریضوں کو علاج معالجے کے لیے مثالی ماحول فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومتِ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو ان کی دہلیز پر معیاری صحت کی سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت گوجرہ میں زیرِ تعمیر نئے ڈسپوزل اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں اسسٹنٹ کمشنر چوہدری ریاض گجر اور چیف آفیسر یاسر شاہ بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے تعمیراتی کاموں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے تاکہ شہر میں نکاسیِ آب کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے سیوریج اور پانی کی نکاسی کا نظام مزید مضبوط ہوگا اور شہریوں کو دیرپا ریلیف ملے گا۔
دورے کے دوران انہوں نے علی اصغر پارک کا بھی معائنہ کیا، جہاں بحالی اور تزئین و آرائش کے کام جاری ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے پارک میں نوجوانوں کے لیے زیرِ تعمیر جدید باسکٹ بال کورٹ کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام کام اعلیٰ معیار اور مقررہ وقت میں مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کا مقصد شہریوں کو بہتر تفریحی سہولیات فراہم کرنا اور نوجوانوں کو صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
