گوجرہ : ہاکی کے شہر اور اولمپک ویلج گوجرہ سے تعلق رکھنے والے معروف اولمپیئن طاہر زمان کو پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس اینڈ ڈویلپمنٹ کے اہم عہدے پر تعینات کر دیا ہے۔ اس تقرری کو قومی ہاکی کی ترقی اور بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق اولمپیئن طاہر زمان ایشیائی ہاکی کے سینئر ترین ہائی پرفارمنس کوچز میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ ایف آئی ایچ اکیڈمی ٹرینر اینڈ ایجوکیٹر اور ایف آئی ایچ ہائی پرفارمنس لیول 6 کوچ کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ ایف آئی ایچ رولز بورڈ کمیٹی کے رکن کے طور پر بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی ذمہ داریاں نبھا رہے ہیں۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی، پی ایچ ایف ڈویلپمنٹ کمیٹی کے چیئرمین اولمپیئن اصلاح الدین صدیقی اور سابق کپتان اولمپیئن حسن سردار نے طاہر زمان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ اپنے وسیع تجربے اور مہارت سے پاکستان ہاکی کی بہتری اور کھویا ہوا مقام واپس دلانے میں اہم کردار ادا کریں گے۔
گوجرہ کے عوام اور ہاکی سے وابستہ حلقوں نے بھی اولمپیئن طاہر زمان کی اس اہم تقرری کو اعزاز قرار دیتے ہوئے خوشی کا اظہار کیا ہے اور توقع ظاہر کی ہے کہ ان کی قیادت میں قومی ہاکی نئے دور میں داخل ہوگی۔
