آسمانی بجلی کی تباہی، دو افراد جاں بحق

 

Lightning strikes in Kamalia and Toba Tek Singh, two people died

کمالیہ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ کے مختلف علاقوں میں آسمانی بجلی گرنے کے افسوسناک واقعات میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے۔

تفصیلات کے مطابق کمالیہ کے نواحی علاقے قادر بخش کے قریب پیلی والا میں 35 سالہ محمد حاجی آسمانی بجلی گرنے سے جاں بحق ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ محمد حاجی دکان بند کرکے اپنے گھر جا رہے تھے کہ اچانک آسمانی بجلی ان پر آ گری، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ مرحوم کا تعلق موضع پپلی سے تھا۔

Lightning strikes in Kamalia and Toba Tek Singh, two people died


دوسرا واقعہ ٹوبہ ٹیک سنگھ کے چک نمبر 401 ج ب میں پیش آیا، جہاں 13 سالہ غلام سرور ولد رسول خان آسمانی بجلی گرنے کے باعث جاں بحق ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق غلام سرور بکریاں چرا کر واپس گھر جا رہا تھا کہ اس کے قریب اچانک بجلی گری، جس سے وہ بے ہوش ہو گیا۔

اہل خانہ فوری طور پر بچے کو ہسپتال منتقل کرنے لگے، تاہم راستے میں وریام والا بائی پاس کے قریب ریسکیو ٹیم نے بچے کو تحویل میں لے لیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے بچے کے وائٹل سائن چیک کیے جو موجود نہیں تھے، جس کے بعد فوری طور پر آکسیجن فراہم کی گئی اور سی پی آر کرتے ہوئے ڈی ایچ کیو ہسپتال ٹوبہ ٹیک سنگھ منتقل کیا گیا۔

ہسپتال میں ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹر عامر نے معائنے کے بعد بچے کی موت کی تصدیق کر دی۔ ڈاکٹر کے مطابق موت کی وجہ آسمانی بجلی کا شدید جھٹکا اور اچانک دل کا دورہ بنی۔

دونوں واقعات نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے، جبکہ شہریوں کو خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اشتہار