وجرہ : عیدالاضحیٰ کے موقع پر شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے جنرل بس اسٹینڈ، فیملیز پارک اور ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ کے دورے کیے اور انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے جنرل بس اسٹینڈ گوجرہ میں صفائی ستھرائی، ویٹنگ ایریا، واش رومز، ٹریفک روانی اور کرایہ ناموں پر عملدرآمد کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کی کہ عید کے دنوں میں شہریوں اور مسافروں کو صاف ستھرا، محفوظ اور منظم ماحول فراہم کیا جائے جبکہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر مسلسل مانیٹرنگ بھی یقینی بنائی جائے۔
بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے فیملیز پارک گوجرہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے صفائی، شہری سہولیات، گرین بیلٹس اور فیملیز کے لیے فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے پارک میں جاری تزئین و آرائش اور ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر بریفنگ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کیے جائیں تاکہ عیدالاضحیٰ کے دوران شہریوں کو بہتر اور خوشگوار تفریحی ماحول میسر آ سکے۔
ڈپٹی کمشنر عمر میلہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہترین بلدیاتی، سفری، تفریحی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔
اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال گوجرہ کا بھی دورہ کیا جہاں انہوں نے مریضوں کی عیادت کی اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔ انہوں نے ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولیات، ادویات کی دستیابی، صفائی کے انتظامات اور طبی عملے کی حاضری کا جائزہ لیا۔
