ٹوبہ ٹیک سنگھ : پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے شہریوں کے لیے جدید ای چالان اور آن لائن ریویو سسٹم متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت اب غلط ای چالان کو 24 گھنٹوں کے اندر درست یا منسوخ کروایا جا سکے گا۔
حکام کے مطابق شہری پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی ویب سائٹ پر اپنا اکاؤنٹ بنا کر ریویو سیکشن میں درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ متعلقہ ثبوت اپ لوڈ کیے جانے پر چالان کی مکمل جانچ کی جائے گی اور اگر چالان غلط ثابت ہو تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔
اتھارٹی کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو شفاف اور آسان سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ وہ بلاوجہ جرمانوں سے محفوظ رہ سکیں اور ٹریفک قوانین پر عمل درآمد کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
دوسری جانب ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 5 مئی 2026 سے باقاعدہ طور پر ای چالان سسٹم فعال کر دیا گیا ہے۔ شہر کے مختلف اہم مقامات پر جدید کیمرے نصب کر کے نگرانی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔
جن مقامات پر کیمرے نصب کیے گئے ہیں ان میں مین گوجرہ روڈ بائی پاس چوک، بلھیر پولی چوک، جھنگ روڈ، رجانہ روڈ، شورکوٹ روڈ، اکال والا روڈ، سلطان فاؤنڈیشن چوک، علامہ اقبال روڈ، پھولوں والا بازار، لاری اڈا اور کچہری چوک سمیت دیگر اہم شاہراہیں شامل ہیں۔
حکام کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے، ون وے کی خلاف ورزی، ٹریفک سگنل توڑنے اور اوور اسپیڈنگ کرنے والوں کے خلاف خودکار ای چالان جاری ہوں گے، جو شہریوں کے گھروں تک پہنچائے جائیں گے۔
سیف سٹیز حکام نے بتایا کہ بعض کیمرے سیکیورٹی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیے جائیں گے جبکہ ٹریفک کی خلاف ورزیوں پر خصوصی مانیٹرنگ جاری رہے گی۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تاکہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔

